پاکستان میں عدالتی فیصلے تحت انتخابات ہونے چاہئیں،بریڈشرمن

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی ایوان نمائندگان کے رکن بریڈ شرمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے جس کے تحت پہلے پنجاب اورپھر دوسرے صوبوں میں انتخابات ہونے چاہئیں
امریکی ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بریڈ شرمن کا کہنا تھا کہ امریکا قلیل مدتی دوطرفہ خدشات کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے اپنے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے کچھ لوگ کہیں گے کہ ہمیں ایسے سیاسی رہنما کی سپورٹ کرنی چاہیے جو ہمارا زیادہ حامی ہو۔ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا عزم ہمارے لیے سب سے پہلے ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کے رکن نے مزید کہا کہ ماضی میں عمران خان سے بات کرنا ہمارے لیے مشکل تھا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے آسان ہے لیکن سوال جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا ہے۔
پاکستان میں صوبائی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے اور ہدایات کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ فیصلہ دے چکی ہے پنجاب اور بعد ازاں دوسرے صوبے میں صوبائی انتخابات ہونے چاہئیں۔ یہ قانون کی حکمرانی ہے۔ یقین ہے عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ ابتدائی فیصلہ حتمی اور ناقابل اپیل ہے اور سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے صوبائی انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری فنڈز جاری کیے جائیں۔
بریڈ شیرمین کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کسی پالیسی یا ایسی حکومت کے ساتھ نہیں ہے جو اس کے ساتھ متفق ہو۔ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے حامی ہیں اور انسانی حقوق، اظہار رائے کی آزادی اور رائے کے اظہار کے حق کا بھی حامی ہے۔
بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ خوفناک گمشدگیوں، انسانی حقوق کی پامالیوں، تشدد کے کچھ ٹھوس ثبوتوں کے بارے میں تشویش رہی ہے لہٰذا پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت درکار ہے۔ ہمیں قانون کی حکمرانی چاہیے۔ اپنے قلیل مدتی دوطرفہ خدشات کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے اپنے عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں پاکستان میں متوقع عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات ہے پاکستان میں اکتوبر میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ پاکستان کے لیے اس سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں انتخابات بروقت، شفاف اور منصفانہ ہوں، اور جو بھی انتخابات جیتے اسے حکومت کرنے کی اجازت دی جائے۔