اسلام آباد (امت نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا ہے کہ 20 یا 21 مئی کو پہلی حج پرواز روانہ ہوجائے گی،اس سال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے،جو پرائیویٹ حج ٹور آپریٹر وعدے پورے نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطا ب میں وفاقی وزیرطلحہ محمود نے کہا کہ سنا تھا کہ رمضان میں انتظامات مکمل کرلئے جاتے ہیں لیکن ابھی تک حج انتظامات کے حوالے سے میں مطمئن نہیں ہوں،ہوسکتا ہے مجھے دوبارہ سعودی عرب جانا پڑے۔
انہوں نے کہ میں آئیڈیل حج تو نہیں کراسکتا لیکن مشکلات میں کمی ضرور لاؤں گا،مجھے یقین ہے مسائل کو حل کرنےمیں ہم کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو خدام الحجاج وہاں ڈیوٹی پر نہیں ہونگے ان کا تین دن کا ٹی اے ڈی اے کاٹا جائے گا،دوسرے مرحلے میں ان کو ڈی پورٹ کراؤں گا۔انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے تو نجی حج آپریٹرز کو بھی بلیک لسٹ کراؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ایئرلائنز سروس کی بھی شکایات ہیں،میں جس جہاز میں گیا تھا وہ بھی دو گھنٹے لیٹ تھی،میں نے ایئرلائنز والوں کے ساتھ بھی بات کی ہے، پی آئی اے والوں سے ملاقات کی، بڑی بڑی داستانیں سننے کو مل رہی ہیں،فراڈ، دھوکے اور جھوٹ والی پالیسیوں سے کوئی ترقی نہیں ہو تی ، قابل عمل پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے لوگوں کی بڑی قربانیاں ہیں،کرپشن مکمل ختم نہیں ہونی، لیکن کم سے کم میڈیا کا خوف ہر بندے کے دل میں ہونا چاہئے۔