پاکستان کو ترکمانستان سے ایل پی جی کی درآمد شروع
160 ٹن ایل پی جی پر مشتمل پہلی کھیپ چمن بارڈر پر باب دوستی سے افغانستان کے راستے پاکستان پہنچ گئی
پاکستانی کمپنی ایل این جی لمیٹڈ نے اومان کی او کیو ٹریڈنگ سے کارگو خریدا ہے، فائل فوٹو
پشاور(امت نیوز)پاکستان کو ترکمانستان سے افغانستان کے راستے ایل پی جی کی درآمد شروع ہوگئی۔
چمن میں کسٹم حکام نےنجی ٹی وی کو بتایا کہ برآمدگی معاہدے کے تحت ترکمانستان سے بذریعہ افغانستان پہلی کھیپ 160 ٹن ایل پی جی پر مشتمل چمن بارڈر پر باب دوستی کے راستے پاکستان پہنچ گئی۔
ضابطے کی کارروائی کے بعد ان ٹینکرز کو پشاور روانہ کیا جائے گا جبکہ مزید 10 ٹینکرز جن میں 600 ٹن ایل پی جی موجود ہے اسپن بولدک سے کلیئرنگ کے لیے بارڈر ٹریڈ ٹرمینل پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب قندھار کسٹم چیف مولوی محمدحامداحمد کے مطابق ترکمانستان سے 50 ٹینکرز کارگو اسپن بولدک پہنچ گئے جو کلیئرنگ مراحل طے کرنے کے بعد پاکستان منتقل کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ وسط ایشیا سے پاکستان کے لیے افغانستان ٹرانزٹ روٹ سے گیس کی برآمد میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوگی۔