لاہور (اُمت نیوز) یوم مزدور کے موقع پر پی ٹی آئی کولبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی کی اجازت مل گئی۔
ریلی کے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد اجازت دی گئی، ریلی کی اجازت دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک ہو گی۔
اجازت نامے کے مطابق ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، ریلی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔
تحریک انصاف سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
اجازت نامے کے مطابق ریلی کے دوران کسی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کرنی ہو گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے پابند کیا ہے کہ ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہو گی، کارکن اور متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس طرح کی چیز ساتھ نہیں لا سکیں گے، ریلی کے دوران کسی کے جذبات مجروح کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
ریلی کیلئے کسی جگہ استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، شرکاء کیلئے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہو گی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔