کراچی(اسٹاف رپورٹر) اتحادٹاﺅن اور میمن گوٹھ میں فائرنگ کے واقعات میں ڈاکٹر اور سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے،پولیس نے ڈاکٹر اورسکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث ریٹائرڈ پولیس افسر سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاﺅن تھانے کی حدودبلدیہ اتحاد ٹاؤن قائم خانی کالونی نزدایکس 23 بس سٹاپ کے قریب ذاتی جھگڑے کے دوران گولی لگنے سے30 سالہ ماجد عزیز ولد عبدالعزیزہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کی،پولیس کے مطابق ماجد اپنے 10سے زائد دوستوں کے ہمراہ ملزم اسلم کے گھر گیا تھا، جہاں جھگڑے کے دوران ملزم نے فائرنگ کر کے ماجد کو قتل کر دیا۔ واقعہ رشتے کے تنازع کا شاخسانہ ہے،پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر ماجد ملزم کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا،تاہم پولیس نے ملزم چوہدری اسلم کو گرفتار کرلیا،ملزم ریٹائرڈ پولیس افسر ہے۔ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ادھر میمن گوٹھ تھانے کی حدود کاٹھور کے قریب دملوٹی نمبر 8 میں واقع ایک فارم ہاﺅس میں فائرنگ کے واقعے میں 20 سالہ سکیورٹی گارڈزبیر ولد یاسین جوکھیو ہلاک ہوگیا،اطلا ع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کی،پولیس کے مطابق مذکورہ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع 15کی مدد گار کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بجے کے قریب ملی،پولیس فارم ہاؤس پہنچی ،جہاں پوچھ گچھ کے دوران مقتول کے دوست انس نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زبیر جان سے گیا۔
ایس ایچ او اکرام آرائیں کے مطابق تحقیقات میں معلوم ہوا کہ فائرنگ کا واقعہ رات گیارہ بجے رونما ہوا، جو اتفاقیہ طور پستول سے کھیلتے ہوئے گولی چلنے سے ہوا رات ایک بجے پولیس کو انس کے موبائل سے قتل کی اطلاع فراہم کی گئی تھی،ملزمان نے پولیس کو گمراہ کیا، پولیس نے تفتیش کی تو انس اورساتھی گارڈ رحیم مقتول زبیر کے قتل میں ملوث نکلے، جنہیں پولیس نے گرفتارکرلیا،جبکہ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا،پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30بورپستول بھی برآمد کرلیا،تاہم زبیر جوکھیو کی لاش ضابطہ کارروائی کے بعدورثاءکے حوالے کردی گئی۔