لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے بھی تو یہی کہا ہے انتخابات ہونے چاہئیں، آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو سڑکوں پر نکلیں گے اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔مخالفین آئین کے خلاف گئے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماناگیا تو قوم میرے ساتھ سڑکوں پر نکلے گی
لیبر ڈے کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کے اختتام پرخطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمران الیکشن تب کرانا چاہتے ہیں جب یہ سمجھیں کہ جیت سکتے ہیں، انتخابات نہ کرانے کا مقصد کسی طرح مجھے راستے سے ہٹانا ہے، یہ چاہتےہیں مجھے جیل میں ڈالیں یا قتل کر دیں، میرے گھر پر بھی حملہ کیا گیا، نہتے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، علی امین گنڈا پور کو بھی باربارایک سے دوسری جیل لے جاتےہیں، ہمارے کارکنوں کو پکڑ رہے ہیں، چاہتے ہیں یہ کمزور ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگل کے قانون میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، جس ملک میں حکومت سپریم کورٹ کو نہ مانے وہاں سرمایہ کارنہیں آتا، یہ لوگ عمران کو باہر رکھیں گے تو کسی کے مفادمیں نہیں ہوگا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئین توڑاگیا، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماناگیا تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئندہ ہفتے پتہ چلے گا دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے گا، آئندہ ہفتے پتہ چلے گا ملک میں قانون کی حکمرانی ہے یا نہیں،
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کھڑا ہو کر تقریر نہیں کر سکتا، جنرل (ر) باجوہ نے ہم پر امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا، پہلے وزیر آباد پھر اسلام آباد میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی، آج کی ریلی کا مقصد ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، نگراں حکومت نےالیکشن کیلئےایک کام نہیں کیا، صوبائی حکومت کی اب کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے بھی تو یہی کہا ہے الیکشن ہونا چاہئے۔