کراچی ، بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

کراچی(اُمت نیوز) کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کرنٹ لگنے کا واقعہ کراچی میں ڈاکس کے علاقے مچھرکالونی اور اورنگی ٹائون میں پیش آیا ہے۔جس میں دوافراد زندگی کی باز ی ہار گئے ہیں۔
مچھر کالونی میں بلال مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت 20 سالہ شبدل کریم کے نام کی گئی۔
اس حوالے متوفی کے ماموں نور الحق نے بتایا کہ بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کا تار ٹوٹ کر پانی میں گر گیا تھا اور اس کا بھانجا گلی سے گزر رہا تھا تو اسے کرنٹ لگ گیا جبکہ متوفی فشری میں مزدوری کرتا تھا۔
علاوہ ازیں اورنگی ٹاون کے علاقے اسلام چوک ساروان ہوٹل کے قریب نوجوان کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 18 سالہ شعیب کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او پاکستان بازار سہیل خاصخیلی نے بتایا کہ نوجوان بارش کے دوران مذکورہ مقام سے گزر رہا تھا کہ اس دوران اسے بجلی کے پول سے لگا تھا تاہم اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔ دریں اثنا  ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے چند افسوسناک واقعات کی اطلاعات ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق ان واقعات میں کےالیکٹرک کا انفراسٹرکچر ملوث نہیں ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں-شہریوں سے درخواست ہے کہ بارش کے موسم میں بجلی کے انفراسٹرکچر سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔