کراچی (امت اسپورٹس) شاہد خان آفریدی نے کراچی میں اپنی بوم بوم کرکٹ اکیڈمی کھولنے کا اعلان کردیا۔اپنے ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے روشنیوں کے شہر میں ایک جدید ترین کرکٹ اکیڈمی کے قیام کیلئے لیجنڈز ارینا کے ساتھ اپنے تعاون کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ میں لیجنڈز ارینا کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہوں، میں اپنی کرکٹ اکیڈمی، ایل اے بوم بوم کرکٹ اکیڈمی کھولوں گا جو نوجوان اور پیشہ ور کرکٹرز کو اعلیٰ سطح کی کوچنگ اور تربیت فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ لیجنڈز ارینا انگلش کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ جدید ترین پچز پیش کرتا ہے جوکہ کرکٹ کے خواہشمند کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ایک مثالی پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں، یہ اکیڈمی نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے، ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، اور ان میں جیتنے والا رویہ پیدا کرنے پر توجہ دے گی جس سے انہیں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم عالمی معیار کی سہولیات اور تربیتی پروگرام فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں جو تمام کھیلوں اور فٹنس کے شوقین افراد کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں‘،شاہد آفریدی نے لکھا کہ’ لیجنڈز ارینا میں میرے ساتھ شامل ہوں اور کراچی میں رونما ہونے والے کرکٹ انقلاب کا حصہ بنیں۔