ڈاکٹر عافیہ کے وکیل نے رہائی کیئے حکومت سے مدد مانگ لی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسانی حقوق کے نامور وکیل اور ڈاکٹرعافیہ صدیقی کیس کے وکیل کلائیوا سٹفورڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں ہمارے مدد کرے،جیسا پاکستان کے آئین نے پابند بنایا ہے۔اب ڈاکٹر عافیہ کی واپسی میں رکاوٹ پاکستان میں نظر آتی ہے۔عافیہ پر ٹارچر گوانت اناموبے سے بھی بدتر ہے۔عافیہ کو کوئی اندازہ نہیں ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہے؟وہ ایک ماں بھی ہے اورماں سے اس کے کمسن بچوں کو چھیننا انسانی جبر اور تشدد کی بدترین شکل ہے۔عافیہ سے ملاقات میں امید دلائی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح آڈیٹوریم سٹی کورٹ میں کراچی بار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عافیہ نے پاکستانی عوام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔عوام بھی انہیں مایوس نہ کریں۔انہوں نے وکلا سے کہا کہ عافیہ آپ کی ہم وطن اور آپ انصاف کے محافظ ہیں۔ان کی رہائی کے لئے قانونی کارروائی کی حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لئے پاکستان میں موجود ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ عافیہ کو وطن واپس لانے میں رکاوٹ ان کے اپنے ملک کے اندر سے ہے۔ہمیں مل کر اس رکاوٹ کو شناخت کرکے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔کلائیواسمتھ نے اپنے ملک کی غلطیوں کے لئے معافی مانگی کہ کس طرح امریکی انصاف کے نظام میں خامیاں ہیں، جو عافیہ کی قید اور گوانتاناموبے جیسی غلطیوں کو جاری رکھنے کے قابل بناتی ہیں۔بگرام اور ابوغریب جیسے عقوبت خانے آپ جیسے انسانی حقوق کے علمبرداروں کی کوششوں سے بند کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عافیہ کا کیس بنیادی طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا عالمگیرکیس ہے۔ کراچی بار کے صدر ایڈووکیٹ عامر سلیم نے کلائیو اسمتھ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مقدمہ لڑنے پر ان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ عافیہ قوم کی بیٹی ہے اور وکلا ان کی رہائی اور فوری پاکستان لانے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کے کیس کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ انہیں مزید وقت ضائع کئے بغیر امریکی جیل سے رہا کیا جاسکے۔عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وکلا برادری کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ قوم کی معصوم بیٹی عافیہ کو فوری رہا کیا جائے۔ اس موقع پر وکلاء نے ایک تحریک شروع کرنے کی قرارداد منظور کی جو عافیہ کو وطن واپس لانے میں وفاق کی مدد کرے گی۔