پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 288 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی ( اُمت نیوز) کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیو زی لینڈ کو 288رنز کا ہدف دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹو ں کے نقصان پر 287 رنز بنا ئے۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ۔پاکستان کی پہلی وکٹ 37 رنز پر گری جب فخر زمان 19 رنز بنا کر ہنری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے ۔ 145 رنز پربابر اعظم بھی ہنری کا شکار بنے انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی عبداللہ شفیق ہیں جو 182 رنز کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ 192 رنز کے اسکور پر گری جب امام الحق 90 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے ہیں۔246پر آغاز سلمان بھی 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔محمد رضوان 32 رنز بنائے، شاداب خان 21 اور محمد نواز11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
دونوں ٹیمیں 5 میچوں کی سیریز کے اس تیسرے اور اہم میچ میں جیتنے کیلئے پر امید ہیں۔ اگر پاکستان اس میچ میں کامیاب ہوتا ہے تو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لے گا۔ سیریز میں برقرار رہنے کیلئے نیوزی لینڈ کو یہ میچ لازمی جیتنا ہو گا۔واضح رہے کہ پاکستان کو سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل ہے۔ اس میچ میں پاکستان نے تین تبدیلیاں کی ہیں۔ فاسٹ بالر احسان اللہ، حارث رؤف اور لیگ سپینر اُسامہ میر کی جگہ تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور لیگ سپینز شاداب خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔