بیٹنگ کے دوران فخر بالکل نہیں بولتا اور بابر چپ نہیں ہوتا، امام الحق

کراچی(اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ سنچری نہ کرنے کا افسوس ہے، کوشس تھی کہ 100 رنز مکمل کروں۔
نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ون ڈے میچ اورسیریز میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ کنڈیشن کی وجہ سے کراچی میں رنز کرنا مشکل تھا، کوشش یہی تھی کہ 280 سے 300 رنز کریں۔
امام الحق نے بابر اعظم اور فخر زمان کیساتھ پارٹنر شپ سے متعلق سوال پر کہا کہ فخر زمان اور بابر اعظم کیساتھ پارٹنر شپ کا مزہ آتا ہے، دونوں بلکل مختلف ہیں کیونکہ فخر بالکل بولتا نہیں ہے اور بابر بالکل چپ نہیں کرتا۔
امام الحق نے کہا کہ بابر مجھے اچھی طرح جانتا ہے اس لیے اسکو پتا چل جاتا ہے فوراً میں کیا چاہ رہا ہوں، ہماری پارٹنر شپ کا راز یہ ہے کہ ہم کافی عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اس میں ہم نے اچھا بھی کیا ہے اور بہت گندا بھی کیا ہے۔
امام الحق نے کہا کوشش ہوتی ہے جتنا اچھا کرسکیں ٹیم کیلئے وہ بہتر ہے، فخر زمان کیساتھ میں پہلے سے بھی کھیل رہا تھا ایچ بی ایل سے اور بابر کیساتھ دوستی اتنی اچھی ہے کہ اسکو آئیڈیا ہوجاتا ہے تو وہ شور مچانا شروع کردیتا ہے کہ ایسے نہیں ویسے نہیں تو دونوں کیساتھ پارٹنر شپ مختلف ہے اور دونوں کیساتھ مزہ آتا ہے۔
امام الحق نے مزید کہا کہ عالمی کپ میں فیلڈنگ اور فٹنس کا بہت اہم کردار ہوگا، مجھے نہیں معلوم کہ اس حوالے سے کپتان کی کیا سوچ ہے، موجودہ کھلاڑیوں کو ہی اعتماد دینا ہوگا۔