کراچی : شاہ فیصل میں معطل ٹپے دار بیٹر بن گیا- ڈیڑھ کروڑ وصول

کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)شاہ فیصل کالونی کے مختار کار قاضی حمود نے معطل تپے دار پریل اور اس کے بیٹے مجیب کو اسسٹنٹ کمشنر آفس میں غیر قانونی بٹھا کر غیر قانونی تعمیرات سے رشوت کی ریکوری پر لگا رکھا ہے، قاضی حمود اپنے آپ کو کمشنر کراچی کا رشتہ دار ظاہر کرتا ہے، اور اس وقت غیر قانونی تعمیرات سے رشوت کی رقوم کمشنر کراچی آفس کے نام پر وصول کر رہا ہے۔ ان پلان آبادیوں میں جاری 13غیر قانونی تعمیرات سے مختار کار قاضی حمود، معطل ٹپے دار پریل اور اس کے بیٹے مجیب نے 1کروڑ 50لاکھ سے زائد کی رشوت وصول کی ہے، اور بلڈروں کو یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ رشوت میں جو رقم یہ لوگ وصول کر رہے ہیں وہ آگے کمشنر کراچی کے دفتر میں پہنچاتے ہیں جس کے باعث اہل علاقہ میں کمشنر کراچی کے نام کی ساکھ شدید متاثر ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے مختار کار قاضی حمود اور اس کے دست راست ٹپے دار پریل اور اس کے بیٹے مجیب نے حالیہ کچھ عرصے میں ان پلان آبادیوں جس میں گرین ٹاؤن، گولڈن ٹاؤن، پنجاب ٹاؤن، ال فیصل ٹاؤن سمیت بیت المریم کا علاقہ شامل ہے میں 13غیر قانونی تعمیرات کی سر پرستی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1کروڑ 50لاکھ روپے کی رشوت جمع کر چکے ہیں اور یہ تمام رقوم کمشنر کراچی آفس کے نام پر ان لوگوں نے جمع کی ہے تاکہ کمشنر کراچی کے نام کی ساکھ شہریوں میں متاثر ہو سکے اور لوگوں کو لگے کہ کمشنر کراچی یا ان کے دفتر کا عملہ شاہ فیصل کالونی کے ان پلان علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دینے میں ملوث ہے۔

جن تعمیرات کا ذکر کیا جا رہا ہے ان میں شاہ فیصل کالونی کے علاقے نمبر 5کے پلاٹ نمبر 591بھی شامل ہے جس پر بلڈر کی جانب سے تین دکانیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس کے لئے بلڈر نے سڑک پر قبضہ کر لیا ہے اور اسے دکانوں میں شامل کرتے ہوئے تعمیراتی کام کروا رہا ہے جس کی مد میں پریل نے قاضی حمود کے کہنے پر 5لاکھ روپے کی رقم کچھ روز قبل بلڈر سے رشوت کی مد میں وصو ل کی ہے، اسی طرح گولڈن ٹاؤن کے پلاٹ نمبر 2/13اور2/14سروے نمبر 88پر بلڈر کی جانب سے بناء کسی نقشے کے 7دکانیں تعمیر کی گئی ہیں جس کی مد میں بلڈر نے پریل کو 21لاکھ روپے رشوت ادا کی ہے یعنی فی دکان تین لاکھ روپے، گولڈن ٹاؤن کے پلاٹ نمبر6/7سروے نمبر 79پر بھی بلڈر کی جانب سے ایک دکان سمیت چار منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے جسے ماضی میں منہدم بھی کیا گیا تھا مگر بلڈر نے قاضی حمود کے دست راست پریل کو فی چھت 5لاکھ روپے یعنی مجموعی طور پر 25لاکھ روپے دے کر پھر سے مزکورہ پلاٹ پر تعمیراتی سر گرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، اسی طرح پنجاب ٹاؤن کے پلاٹ نمبر P120اورP121پر بھی بلڈر نے پریل اور اس کے بیٹے مجیب کو کمشنر کراچی کے نام پر 50لاکھ روپے رشوت دے کر چار منزلہ فلیٹ سائٹس اور دو دکانیں تعمیر کی ہیں جبکہ ان تعمیرات کی اجازت بلڈروں کو کسی بھی متعلقہ ادارے کی جانب سے نہی دی گئی ہے۔

اسی طرح الفیصل ٹاؤن کے پلاٹ نمبر L3پر بھی پریل اور مجیب کی سر پرستی میں بلڈر نے خلاف ضابطہ اور بناء کسی اجازت کے تین منزلہ پورشن تعمیر کئے ہیں جو کہ اب فروخت کے لئے مختلف اسٹیٹس پر لکھوائے گئے ہیں، اسی طرح گرین ٹاؤن کے پلاٹ نمبرMC1242،پر تین منزلہ فلیٹ سائٹ بناء کسی نقشے یا کسی متعلقہ ادارے کی منظوری کے تعمیر کی گئی ہے۔ پلاٹ نمبر MC1270 اور پلاٹ نمبر MC1271،گرین ٹاؤن پر بھی دو پلاٹوں کو ملا کر بلڈر کی جانب سے تین منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ اس پلاٹ پر بھی نا تو کوئی نقشہ منظور کروایا گیا ہے اور نا ہی کسی متعلقہ ادارے سے بلڈر نے اجازت لی ہے، ایک اور پلاٹ نمبر MC1306Aپر بلڈر کی جانب سے بیسمنٹ سمیت گراؤنڈ فلور پر SMموبائل مارکیٹ تعمیر کی گئی ہے اور اس کے اوپر اضافی تین منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی جا رہی ہے۔اسی طرح پلاٹ نمبرMC1306Bپر بھی تین منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ اس کے نیچے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور قائم کیا گیا ہے، گرین ٹاؤن کے پلاٹ نمبر MC775پر بھی چار منزلہ فلیٹ سائٹ اور نیچے دکانیں بلڈر کی جانب سے تعمیر کی گئی ہیں، بیت المریم سوسائٹی کے پلاٹ نمبر MC157پر بھی پریل کے بیٹے مجیب نے لاکھوں روپے رشوت لے کر پانچویں منزل کی تعمیر مکمل کروائی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام غیر قانونی تعمیرات سے قاضی حمود، پریل اور پریل کے بیٹے مجیب نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد کی رشوت وصول کی ہے اور جان بوجھ کر بلڈروں کو یہ تاثر دیا گیا ہے کہ ان کی جانب سے تمام رقم کمشنر کراچی کے دفتر میں پہنچائی جائے گی تاکہ شہریوں کے سامنے کمشنر کراچی کے نام کی ساکھ کو متاثر کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختار کار شاہ فیصل کالونی قاضی حمود اپنے آپ کو کمشنر کراچی کا نزدیکی رشتہ دار ظاہر کرتا ہے اور اس نے معطل ٹپے دار پریل کو اسسٹنٹ کمشنر آفس میں بٹھا رکھا ہے جس کے ساتھ اس کا بیٹا مجیب بھی موجود ہوتا ہے اور قاضی حمود کے کہنے پر بلڈروں سے ساری ڈیل یہ دونوں افراد مختار کار کے دفتر میں بیٹھ کر کرتے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں معطل ٹپے دار پریل اور اس کے بیٹے کا بیٹھ کر رشوت خوری کا نیٹ ورک چلانا علاقے کے رہائشیوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں ڈی سی کورنگی سمیت کمشنر کراچی کی مثبت ساکھ شدید متاثر ہو رہی ہے، خبر کے سلسلے میں موقف لینے کے لئے کمشنر کراچی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔