کراچی (اسٹاف رپورٹر)نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 524امتحانی مراکز قائم کردیے گئے۔ اس بات کا اظہار ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے جمعہ کے روز بورڈ کے کانفرنس ہال میں امتحانات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا۔اس موقع پر سیکرٹری بورڈ سید محمد علی شائق، ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ بھی موجود تھے۔انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال نہم و دہم جماعت کیلئے بورڈ کی طرف سے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 3لاکھ 93ہزار264 طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے جبکہ بورڈ نے 524 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں جس میں طلباء کیلئے 279اور طالبات کیلئے245 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، جس میں سرکاری اسکول اورنجی اسکول شامل ہیں اس دفعہ 19 حب امتحانی سینٹر بنائے گئے ہیں جو کراچی کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم کئے گئے ہیں وہاں پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران کو کہاکہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹر کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیئے ہیں تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کئے جا ر ہے ہیں جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی، انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں اور طلباء وطالبات کی سہولت کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر سینٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہیں۔چیئرمین بورڈنے نے بتایا کہ امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائیں گے۔ ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات اور نگرانی کرے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر کے بورڈ میں قائم رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا۔چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ویجلینس آفیسر اپنی موجودگی میں مہر بند لفافے پر دستخط کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک) انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تاکہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں۔