کراچی : 2 ڈی ایس پی-8 تھانیداروں سمیت 39 معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی ٹاسک فورس کی جانب سے 8 ایس ایچ اوز سمیت 39 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے بلیک کمپنی تبادلہ کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے جرائم کے خلاف تشکیل دی گئی صوبائی ٹاسک فورس کی پہلی بڑی کارروائی کے دوران کراچی اور حیدرآباد رینج کے 39 پولیس افسران اور اہلکاروں کو جمعہ کو معطل کردیا گیا۔

تمام معطل افسران اور اہلکاروں کو بلیک کمپنی میں تبادلہ کردیا گیا ہے۔ٹاسک فورس کی سفارش پر بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔معطل افسران میں کراچی پولیس کے 6 اسٹیشن ہاؤس آفیسرز(ایس ایچ اوز)بھی شامل ہیں۔معطل اہلکاروں میں حیدرآباد کے 2 ایس ایچ اوز تھانہ اے سیکشن لطیف آباد کے انسپکٹر نیاز احمد اور تھانہ حالی روڈ کے ایس ایچ او نثار احمد شاہ بھی شامل ہیں۔

ٹاسک فورس کے سب سے بڑے ایک روزہ آپریشن کے دوران 2 ڈی ایس پیز کو بھی معطل کردیا گیا۔کراچی رینج کے جن 6 ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا ان میں اتحاد ٹاؤن کے ایس ایچ او ارباب غلام رسول،ایس ایچ او گلبرگ اشرف جوگی،ایس ایچ او سعید آباد شاکر علی،ایس ایچ او بلال کالونی آفتاب عباسی،ایس ایچ او پاک کالونی بہی خان اور ایس ایچ او شریف آباد غلام حسین پیرزادہ شامل ہیں۔ ٹاسک فورس کی جانب سے گٹکا، ماوا اور منشیات کی اسمگلنگ میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہونے پر ملوث افسران اور اہلکاروں کے بارے میں رپورٹ تیار کی گئی ہے۔