مرکزی مسلم لیگ کے تحت کراچی میں اتحاد کانفرنس کا انعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت مزار قائد کے سامنے اتحاد کانفرنس منعقد کی گئی، شہر بھر سے مرد و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی،اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، فیصل ندیم، چیئرمین رابطہ علما ومشائخ پاکستان قاری یعقوب شیخ، جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، اعظم چوہدری، حافظ خالد نیک، سید اے آر نقوی، عقیل احمد لغاری، احمد ندیم اعوان،مفتی محمد یوسف کشمیری، پیر سید ہارون علی گیلانی، پیر مخدوم ندیم ہاشمی، حافظ محمد انور، شہباز عبدالجبار، ممتاز سیال، حاجی عبدالغفار، پیر سید عبدالغنی، محمد عمیر، عدیل عامر، شگفتہ شاہد و دیگر نے کہا کہ
پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کے خلاف بیرونی و اندرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان میں اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، سیاسی جماعتیں اتحاد و اتفاق کے ذریعے پاکستان کو بحران سے نکالیں، ہم سب پاکستان کی بنیاد پر اتحاد کا پیغام لے کر گلی گلی جائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اتحاد کانفرنس منعقد کرکے بھرپور تحریک چلائیں گے، پاکستان اور ہمارے ادارے محفوظ ہوں گے تو جماعتیں بھی محفوظ ہوں گی۔کانفرنس کے دوران شرکا نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ خالد مسعود سندھونے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اسی نام پر قائم رہے گا۔

مرکزی مسلم لیگ نے فیصلہ کیا کہ ہر جماعت کے پاس جائیں گے،ہم اس ملک کو بچانے کے لیے اتحاد کی دعوت لے کر نکلے ہیں،تمام سازشوں کے باوجود عوام ملک دشمنی کو مسترد کردیں گے،اسرائیل سے تجارت اور تعلقات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ پاکستان اپنے معرض وجود سے اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے،دشمنان پاکستان ہماری ایٹمی صلاحیت ختم کرنا چاہتے ہیں،سیاست کے نام پر طوفان بدتمیزی برپا کردی گئی، ہم اندرونی و بیرونی سازشوں کا خاتمہ کریں گے،خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پاکستان کے حساس حالات میں اتحاد کانفرنس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیرنے کہا کہ ملک کو اتحاد کی سخت ترین ضرورت ہے،اتحاد کانفرنس پیغام دے رہی ہے کہ اپنی انا پاکستان پر قربان کردیں،سیاسی جماعتیں اتحاد و اتفاق پیدا کریں، محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہر شخص اتحاد و یکجہتی کے ذریعے انتشار کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔