عمران خان کے الزامات انتہائی غیرذمہ دارانہ ہیں،ترجمان پاک فوج

راولپنڈی(امت نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان کے الزامات کو انتہائی غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے حاضر سروس فوجی افسر پر بغیر ثبوت الزامات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ متعلقہ سیاسی رہنماؤں سے کہتے ہیں وہ جھوٹے الزامات لگانا بند کریں، متعلقہ سیاسی رہنما جھوٹے الزامات کی بجائے قانونی راستہ اختیار کریں۔

آئی ایس پی کے مطابق  گزشتہ ایک سال سے فوجی اور انٹیلی جنس  اداروں کے اہلکاروں کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اشتعال انگیزی اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے،

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزام انتہائی قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں۔