سوڈان سے مزید 20 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) سوڈان میں خانہ جنگی کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کے انخلا کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی کمرشل پرواز جدہ سے مزید 20 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق سوڈان سے پہنچنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

وزارت خارجہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق اور متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے مسافروں کا استقبال کیا اور ایئرپورٹ پر ضروری سہولیات اور ان کے گھروں تک پہنچنے میں تعان کی یقین دہانی کروائی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران حکومتی اداروں بشمول وزارت خارجہ، پاک فضائیہ، اورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے مشترکہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا۔