کراچی(امت نیوز) سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرنیوالی ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے مختیارکار اعجاز چانڈیو جاں بحق متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے سائرہ بی بی گوٹھ میں ایک فلاحی ادارے کی زمین پر قبضے کو عدالت کے حکم پر واگزار کرنے کے دوران پیش آیا۔ علاقہ پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث لینڈ مافیا کے کارندوں نے اینٹی انکروچمنٹ فورس پر حملہ کیا۔مسلح ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے محکمہ ریونیو کے افسران سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نجی اور سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے مختار کار منگھوپیر اعجاز احمد چانڈیو کو اسٹیڈیم روڈ پر قائم نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔
اعجاز احمد کو سینے اور بازو پر گولیاں لگی تھیں جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ ریونیو کے دیگر افسران و عملے کی بڑی تعداد نجی اسپتال پہنچ گئی جہاں انہوں ںے واقعہ پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ فورس ویسٹ فیضان شبیر نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر ایک فلاحی ادارے کی زمین پر کیے جانے والے قبضے کو چھڑانے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ فورس کے افسران و اہلکار آپریشن کے لیے سرجانی ٹاؤن کے علاقے سائرہ بی بی گوٹھ گئے تھے جس میں 2 پولیس موبائلیں اور 20 کے قریب فورس کی اہلکار شامل تھے۔ قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی