بھارت کا نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، سرفراز احمد

کراچی (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چھ سات سال میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت کام کیا گیا تھا، ٹاپ ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں اب بھارت کا یہاں نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
کراچی میں جناح کالج گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ایونٹ کا میزبان پاکستان ہے وہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل کو اس معاملے پر پاکستان کی مدد کرنی چاہیے، تقریباً ہر ٹیم پاکستان آرہی ہے، یہ پاکستان کا حق بنتا ہے کہ جو کرکٹ پاکستان کو ملی وہ پاکستان میں ہی ہو۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت جدوجہد کی ہے مشکل وقت بھی دیکھا ہے، ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ، میڈیا، سکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔