لاہور ( اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بیٹر فخر زمان کو اپریل کے مہینے میں شاندار کارکردگی پر آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔
فخر زمان نے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کی دوڑ میں سری لنکا کے سپن جادوگر پرباتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے ابھرتے ہوئے بلے باز مارک چیپ مین کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔
اوپنر بیٹر نے گزشتہ ماہ کے آخر میں راولپنڈی میں اپنے کیریئر میں دوسری بار سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنائے، فخر نے ناقابل شکست 180 رنز بنا کر پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی برتری دلائی تھی۔
فخر کی اننگز 17 چوکوں اور 6 فلک شگاف چھکوں کے ساتھ مکمل ہوئی جبکہ اوپنر بیٹر کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے بڑے ہدف کو 10 گیندیں پہلے ہی کامیابی سے حاصل کر لیا۔
اپریل کے دوران اتنے ہی میچوں میں بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کی یہ دوسری سنچری تھی اور انہوں نے 114 گیندوں پر 117 رنز بنا کر پاکستان کو اسی مقام پر پہلے کھیل میں 289 رنز کا تعاقب کرنے میں مدد کی تھی۔
بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں پہلے ٹی 20 میچ میں تیز رفتار 47 رنز کے ساتھ مہینے کا آغاز کیا، جس نے ہوم سائیڈ کی 88 رنز کی زبردست فتح میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ انہوں نے اگلے دو میچوں میں کلک نہیں کیا، فخر نے ون ڈے فارمیٹ میں طوفان برپا کیا۔
فخر اب تک ایک روزہ 67 میچوں کے کیریئر کے دوران 49.71 کی اوسط اور تقریباً 95 کے سٹرائیک ریٹ کیساتھ 3148 رنز بنا چکے ہیں