وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں پاک فوج کے دستوں نے اہم شاہراہوں پر گشت شروع کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورت حال کے سبب حکومت نے پنجاب میں فوج کو طلب کر لیا تھا جس کے بعد پاک فوج کے دستوں کا صوبائی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر گشت جاری ہے۔
امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ حساس مقامات کے قریب رینجرز کے دستے بھی پاک فوج کی معاونت کرتے ہوئے گشت کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کو دیکھ کر شہری ‘پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگاتے رہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کے دستوں نے شاہراہ دستور پر فلیگ مارچ کیا، راولپنڈی میں جی ایچ کیو کے آس پاس اور دیگر علاقوں میں بھی گشت جاری ہے، امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث سیکیورٹی دستوں کو طلب کیاگیا تھا۔