مجھے دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ہے ، مراد سعید کا دعویٰ

لاہور(امت نیوز)پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے وڈیو پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ہے ، ہوسکتا ہے یہ ان کا آخری پیغام ہو
وڈیو بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مارنے کے بعد کہا جائے گا کہ ہم گرفتار کرنے گئے تھے مزاحمت ہوئی، مزاحمت میں پتہ نہیں چلا کہاں سے گولی چلی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ وہ خواب چھیننا چاہتے ہیں جن سے ان کو ڈر لگتا ہے۔ عوامی رد عمل نہیں آتا تو انہوں نے عمران خان کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنالیا تھا۔
مراد سعید نے کہا کہ یہ عمران خان کو رہا نہیں کرتے تو پھر آپ نے نکلنا ہے، آپ کے پاس گاڑی نہیں تو پیدل نکلیں، موٹرسائیکل پر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت ہے نہیں، ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر ہے۔ پارٹی قیادت گرفتار ہے آپ کو پیغام دینے والا پھر کوئی نہیں ہوگا۔
مراد سعید نے کہا کہ ہم تو اپنی زندگیاں اس ملک پر نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔