حملہ آور نے سنڈیلفنگن میں صبح کے وقت گولیاں چلائیں- دو افراد مارے گئے پولیس نے ایک مشتبہ شخص گرفتار کرلیا

جرمنی میں مرسڈیزپلانٹ پرفائرنگ کیوں کی گئی؟پولیس معمہ سلجھانےمیں مصروف

 

 

برلن(امت نیوز)جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز کے ایک پلانٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے جنوبی علاقے سنڈیلفنگن میں ایک حملہ آور نے مرسڈیز کے پلانٹ پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیا۔پولیس نے عل الصبح اس واقعے میں ملوث ایک 54 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے پس پردہ محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے، تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہے ۔ پولیس کا کہناہے کہ ہنگامی کالز موصول ہونے کے بعد اس نے سنڈیلفنگن میں مرسڈیز پلانٹ پر ایک خصوصی آپریشن کیا، جس میں 2ہیلی کاپٹروں اور کئی ایمرجنسی ڈاکٹروں نے بھی اس حصہ لیا، اس دوران متاثرہ مقام کو سیل کر دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے پس پردہ محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے۔

مبینہ طور پر مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر پینتالیس منٹ پر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمر بیالیس سال تھی۔استغاثہ نے کہا کہ گرفتار شخص کی عمر 53 برس ہے اور خیال کیا جاتا ہے وہ تنہا حملہ آور ہے، اس کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ فیکٹری کا ملازم نہیں تھا بلکہ فیکٹری کے ساتھ کام کرنے والی ایک لاجسٹک فرم کا ملازم تھا۔