راولپنڈی (اُمت نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے ملک میں مارشل لا کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف سمیت پوری عسکری قیادت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے لہٰذا ملک میں مارشل لا کے نفاذ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاک فوج میں کسی نے استعفیٰ نہیں دیا، فوج آرمی چیف کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنزمیجر جنرل احمد شریف چودھری نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج میں کسی نے استعفیٰ نہیں دیا،فوج آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی،انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج کو تقسیم کرنے کا خواب ،خواب ہی رہے گا،اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کے باوجود فوج متحد ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف اور دیگر عسکری قیادت دل و جان سے جمہوریت کو سپورٹ کرتی ہے اور کرتی رہے گی،ملک میں مارشل لا لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میجرجنرل احمد شریف چودھری نے کہاکہ فوج میں کسی نے استعفیٰ دیا نہ کسی نے کوئی حکم عدولی کی ، اندرونی اور بیرونی پراپیگنڈوں کے باوجود فوج متحد ہے او ررہے گی،آرمی چیف اور ان کے ساتھ پوری عسکری قیادت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ۔