اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے،یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے،یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے، سائفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ یہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے،بیان اعتراف ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا،بیان ثبوت ہے کہ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی اور حساس تنصیبات اور عمارتوں پر حملے کے پیچھے منصوبہ بندی عمران خان کی تھی۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ جنرل سید عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے پوری طرح آگاہ ہیں ،آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہردلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں ،شمشیر اعزاز اور حافظ قرآن ایماندار آرمی چیف سے عمران نیازی خوفزدہ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کے سپہ سالار کے خلاف اس نوعیت کی گھٹیا گفتگو دہشت گردوں کی حمایت ہے ،پوری قوم مسلح افواج اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے۔