کنبرا (امت نیوز) آسٹریلیا میں ایک 48 سالہ خاتون جھاڑیوں میں پھنس گئی، وہ وہاں پانچ دن تک پھنسی رہی اور اس دوران مٹھائیاں کھاتی اور وائن کی ایک بوتل پی کر زندہ بچی رہی۔
بی بی سی کے مطابق للیان آئی پی نامی خاتون وکٹوریہ ریاست میں گھنی جھاڑیوں سے گزرتے ہوئے غلط موڑ لینے کے بعد ڈیڈ اینڈ سے ٹکرا گئیں اور ان کی گاڑی کیچڑ میں پھنس گئی۔وہ مے نوشی نہیں کرتیں لیکن ان کے پاس کار میں شراب کی صرف ایک بوتل تھی کیونکہ وہ اسے تحفے کے طور پر دینے کا سوچ رہی تھیں۔
پانچ راتوں تک پھنسے رہنے کے بعدایمرجنسی سروسز نے اسے اس وقت ڈھونڈ لیا جب وہ فضائی نگرانی کر رہے تھے۔ للیان کو جب ریسکیو کیا گیا تو ان کے ذہن میں خیال تھا کہ انہیں پانی اور سگریٹ مل جائے۔ ’خدا کا شکر ہے کہ پولیس والے کے پاس سگریٹ تھا۔ میں نے سوچا کہ میں وہیں مر جاؤں گی، میرا پورا جسم بند ہو گیا تھا، میں ہارنے ہی والی تھی، جب میں نے بچنے کی امید چھوڑ دی تو اپنے گھر والوں کو ایک خط لکھا اور کہا کہ میں ان سے پیار کرتی ہوں۔‘
وکٹوریہ پولیس نے بتایا کہ للیان آئی پی قریبی شہر سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پائی گئی تھیں ، صحت کے مسائل کی وجہ سے وہ زیادہ پیدل چلنے سے قاصر تھیں، اس کے پاس کھانے کے لیے صرف چند نمکین چیزیں اور مٹھائیاں تھیں، اس کے پاس پانی نہیں تھا۔