سوڈان(اُمت نیوز)سوڈان میں فوج اور نیم فوجی گروپ ’’ آر ایس ایف‘‘ کے درمیان 15 اپریل سے لڑائی جاری ہے۔ اسی لڑائی نے ملک کی اداکارہ شادن حسین کی جان بھی لے لی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز سوڈانی فنکار شادن حسین کی موت ام درمان میں ان کے گھر پر گولہ گرنے سے ہوئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ شادان حسین کی موت ہفتے کی صبح ام درمان شہر میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے بعد ہوئی۔ اخبازر ’’السوڈانی‘‘ نے بتایا کہ شادن حسین ’’ الحکامہ شادن‘‘ کے نام سے معروف تھیں۔ وہ اپنے سنجیدہ اور بامقصد کام کے حوالے سے شہرت رکھتی تھیں۔ الحکامہ شادن محبت اور سلامتی کا پیغام پھیلاتی تھیں۔
سوڈانی فنکارہ کے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک اکاؤنٹ کو 50 ہزار سے زیادہ افراد فالو کر رہے تھے۔ ان کی اس اندوہناک موت کے بعد ان کے فیس بک اکاؤنٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد نے غم کا اظہار کیا۔
شادن حسین نے اپنی آخری فیس بک پوسٹ صرف 16 گھنٹے پہلے کی تھی۔ اپنی آخری پوسٹ میں انہوں نے لکھا "ہر سدوانی کے لیے جو لکھنا پسند کرتا ہے ہم آنے والی نسلوں کے لیے پہلی مرتبہ لکھیں گے۔ پوری درستگی اور اعتبار کے ساتھ ایک ناقابل تردید تاریخ سامنے لائیں گے۔ آپ سوڈان میں جو کچھ ہوا اس کے عینی شاہد ہیں۔ اس پوسٹ پر 3 ہزار سے زیادہ کمنٹس کیے گئے۔ بیشتر میں سوڈانی فنکارہ کے لیے رحم کی دعا کرنے کو کہا گیا۔ واضح رہے سوڈان کے علاقے ام درمان میں وقفہ وقفہ سے فضائی اور توپ خانہ کی بمباری کی جارہی ہے۔