اسلام آباد: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ملک بھر میں ضمنی امتحان بروز ہفتہ 20 مئی سے شروع ہو ں گے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ملک بھر سے تقریبا ساٹھ ہزار طلبا وطالبات کیلیے تین سو اٹھارہ (318) امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں،جس میں ایک سو چھ (106) طلبا اور دو سو بارہ (212) طالبات کیلیے پندرہ سو سے زائد نگران عملہ مقرر کیا گیا ہے۔
روزانہ دو پرچے ہونگے،تین گھنٹوں پر مشتمل ایک پرچے کا وقت ہوگا۔صبح آٹھ سے گیارہ اور دوپہر دو سے پانچ بجے پورے ملک میں ایک ہی وقت میں ضمنی امتحان ہونگے،کراچی میں تقریبا پانچ ہزار سے زائد طلبا وطالبات کیلئے پندرہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
مولانا طلحہ رحمانی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ضمنی امتحان ذی الحجہ کے مہینے میں ہوتا تھا امسال شوال کی آخری تاریخ سے شروع ہورہے ہیں تاکہ طلباء وطالبات کو اگلے درجات میں داخلے کی سہولت میسر ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ سالانہ امتحانات کے نتائج کے ساتھ ہی وفاق المدارس نے ضمنی امتحان کے داخلوں سے قبل پرچوں پر نظرثانی کی سہولت بھی دی تھی،جس کی آخری تاریخ دس شوال مقرر کی گئی تھی،پرچوں پر نظرثانی دو مراحل میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا،جن طلبا وطالبات نے بیس رمضان سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرائیں تھیں ان کے نتائج دس شوال تک وفاق المدارس نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردئیے تھے جبکہ بیس رمضان کے بعد نظرثانی کی درخواستوں کے نتائج ان شاءاللہ انتیس شوال تک جاری کردیے جائیں گے جبکہ ضمنی امتحان کیلیے دس شوال آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس ضمنی امتحان میں شعبہ تحفیظ کے علاؤہ درس نظامی سمیت دیگر تمام درجات کے طلباء وطالبات شریک ہونگے۔شعبہ تحفیظ کا امتحان اب سالانہ کے علاؤہ دوسرے مرحلے میں بھی لیا جاتا ہے۔جس کے داخلے کی آخری تاریخ دس ذی قعدہ مقرر کی گئی ہے جبکہ شعبہ تحفیظ کا امتحان ان شاءاللہ یکم ذی الحجہ کو ملک بھر میں لیا جائے گا۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس کے مطابق ضمنی امتحان اور تدریب المعلمین کے حوالہ سے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں کراچی کے مسؤلین ومنتظمین کا اہم اجلاس ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں مولانا عبدالرزاق زاہد،مولانا قاری حق نواز،مولانا طلحہ رحمانی ،مفتی اکرام الرحمن، مولانا عبیدالرحمن چترالی، مولانا منظور احمد،مولانا قاسم عبداللہ،مولانا محمد زکریا،مولانا اظہار الحق، مولانا عبدالجلیل اور مولانا محمد احمد حافظ شریک ہوئے۔
اجلاس میں مشاورت کے بعد مولانا امداداللہ یوسف زئی نے ضمنی امتحان کیلیے باصلاحیت اور فعال نگران عملہ کی تقرری کی منظوری دیتے ہوئے مسؤلین سے کہا کہ وفاق المدارس کی حسیں روایت کے مطابق کامیاب انعقاد کیلیے اپنی تمام کوششوں کو بروئےکار لائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سالانہ امتحانات کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے انتظامات کو مزید بہتر سے بہترین بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔