راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر )توڑ پھوڑ،جلاؤ گھیراؤاورحساس تنصیبات پر حملہ کے الزام میں راولپنڈی پولیس اب تک 17مقدمات میں 264 افراد کو گرفتار کرچکی ہے،مقدمہ نمبر708تھانہ آراے بازار (جی ایچ کیوکیس)میں کل گرفتار شرپسندوں کی تعداد 76ہوگئی ہے
گزشتہ روز 23شرپسندوں کو گرفتار کیاگیا، دیگر مقدمات میں 198شرپسند گرفتار کیے جاچکے ہیں،حساس اداروں پر حملے اورتوڑ پھوڑ کے مقدمات میں گزشتہ روز 27شر پسندوں کو گرفتار کیا گیا،
سی پی اوسید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی حساس اداروں سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کررہی ہے،پہلے سے جیل بھجوائے گئے 90کے قریب ملزمان کو بھی شواہدکی بنیاد پر ان مقدمات میں قانون کے مطابق طلب کیا جارہاہے،پر تشدد کارروائیوں میں ایس ڈی پی اووارث خان، ایس ایچ اورتہ امرال سمیت 29افراد وجوان زخمی ہوئے،20کے قریب پولیس گاڑیوں کو نقصان پہنچا،
سی پی اوسید خالد محمود ہمدانی کا کہناتھاکہ ہرڈویژن کی تفتیشی ٹیمیں الگ سے تما م مقدمات پر کام کررہی ہیں،توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کو ہرصورت گرفتار کیا جائے گا، شرپسند وں کی لیڈ رشپ کی گرفتاریوں کے لیے بھی ریڈز کیے جارہے ہیں،گزشتہ روز گرفتار ہونے والے شرپسند وں میں احسان، عبداللہ،ادریس، وقاص، ایاز،قمر الزمان،عمر،علی حسین،فرہاد اللہ،عصمت،ابوبکر،قمر زمان،سجاد منیر،نبیل،صداقت،نعمان،عامر شاہد،فرہاد،شہریار،لعل شاہ،اکمل، عدیل، پیرزادہ شہباز، ارشد،منور اورسید قمر شامل ہیں،شرپسند ملزمان کو قرارواقعی سزادلوانے کے لیے تما م قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے،
سی پی اوسید خالد محمود ہمدانی نے مزید کہاکہ راولپنڈی پولیس کے افسران وجوانوں نے مسلسل انتھک محنت اور پیشہ وارانہ مہارت سے شرپسندکاروائیوں کو کنٹرول کیا،قانون کا بلاتفریق نفاذ،امن عامہ کا قیام اورحساس تنصیبات کی حفاظت راولپنڈی پولیس کا قومی فریضہ ہے،حالیہ پرتشدد کاروائیوں کے دوران راولپنڈی پولیس کا عزم،ڈسپلن اورکارکردگی لائق تحسین ہے،راولپنڈی کی تمام اہم شاہراوں،کاروباری مراکز اورچوک کھلے رہے،راولپنڈی میں مری روڈ،مال روڈ، ائیرپورٹ روڈ،پشاور روڈ،داخلی اورخارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں رہی۔