کراچی:میٹرک امتحانات میں 37امیدوارنقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نویں اور دسویں کے امتحانات میں حیاتیات اور سائنس کے پرچے دینے والے 37 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔

منگل کو ثانوی تعلیمی بورڈ کے شکایتی سیل میں نقل میں ملوث 37امیدواروں کی رپورٹ درج کی گئی ، ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کے دوران ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ، بورڈ کی ویجلینس ٹیم اور دیگر ویجلینس ٹیمیں روزانہ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کر رہی ہیں۔منگل کے روز دہم جماعت سائنس گروپ میں حیاتیات نظری(پرچہ دوم)اور شام کی شفٹ میں جنرل گروپ نہم جماعت کیلئے جنرل سائنس (پرچہ اول)کا امتحان ہوا۔

بورڈ کے شکایتی سیل میں رجسٹرڈ ہونے والی رپورٹ کے مطابق امتحانی مراکز سے نقل میں ملوث 37امیدوار پکڑے گئے۔ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے ٹی ایس ٹو کورنگی سے بورڈکی ٹیم نے 14امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول بہار کالونی سے ویجلینس ٹیم نے 15امیدوار، سپر اسٹار سیکنڈری اسکول شیر شاہ سے بورڈ کی ٹیم نے 3امیدوار، مدرسہ فیض الاسلام بلدیہ ٹاؤن سے 3امیدوار جبکہ حاجی عبداللہ ہارون گوٹھ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری لیاری سے 2امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نےوضاحتی بیان میں کہا کہ امتحانی مراکز میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں،شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ کے۔ الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دیے گئے شیڈول کےمطابق کی جاتی ہے۔

ترجمان کے۔ الیکٹرک کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے امتحانی مراکز  کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے درخواست موصول ہو گئی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے خط پر نظر ثانی کے بعد طالب علموں کو امتحانات کے دوران  زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔