لاکھوں فلسطینیوں کی بےدخلی پر اقوام متحد ہ میں یومِ نقبہ منایاگیا

نیویارک(امت نیوز) پہلی بار اقوام متحدہ نے اسرائیل کے قیام کے دوران لاکھوں فلسطینیوں کی بےدخلی پر یومِ نقبہ منایا۔ نقبہ عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب تباہی ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوم نقبہ منایا گیا جب 1948 میں اسرائیل کے قیام کے دوران کم از کم 7 لاکھن فلسطینی ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے یا اپنے گھروں سے زبردستی بے دخل کر دیے گئے تھے۔اقوام متحدہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس دن کو یاد رکھنے کا مقصد دراصل اس بات کو اجاگر کرنا ہے کہ انصاف اور امن کے عظیم اہداف صرف فلسطینی عوام کے حقوق کی حقیقت کو تسلیم کرنے اور اس کی تکمیل کو یقینی بنانے سے ہی حاصل ہو سکتے ہیں۔تقریب میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ جب تک اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیت ختم نہیں کرتا اور اسرائیلی، فلسطینی ریاستوں کے علیحدہ علیحدہ قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کرتا، تب تک اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کردی جائے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے کہا کہ یہ یادگاری تقریب اقوام متحدہ کی اس غیر ذمہ داری کا اعتراف کرتی ہے جو 75 سال سے فلسطینی عوام کی تباہی کو روک نہیں سکی۔