اسلام آباد(امت نیوز)چیئرمین پی پی پی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ سرینگر میں بھارت کی جانب سے جی 20 کے اجلاس کے موقع پر آزاد کشمیر کا دورہ اور احتجاجی جلسے سے خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ سرینگر میں ہندوستان کی جانب سے جی 20 کانفرنس کے انعقاد پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں پی پی پی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین،اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں سردار یعقوب، فیصل راٹھور،جاوید ایوب، میاں وحید، جاوید بڈھانوی، قاسم مجید، بازل نقوی، نبیلہ ایوب، عامر یاسین اور سردار ضیاء قمر شامل تھے۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے ۔کشمیری رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں ہونے والی جی 20 کانفرنس کا مقبوضہ سرینگر میں انعقاد کشمیریوں کیلئے ناقابل قبول ہے،انہوں نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جی 20 کانفرنس کے دوران مظفرآباد اور باغ کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آپ ضلع مظفر آباد اور ضلع باغ میں تشریف لائیں اور کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ میری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے باغ اور مظفرآباد کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔اس موقع پر وہ کشمیری مہاجرین سے ملاقات کریں گے اورسول سوسائٹی سے بھی رابطے ہوں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری باغ، آزاد کشمیر میں احتجاجی جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے، اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں گے۔