انقرہ میں خوفناک طوفان نے اونچی عمارتوں سے کرسیاں اڑا ڈالیں

ترکی (اُمت نیوز)ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بدھ کے روز سے شدید آندھی اور طوفان آگیا جس کی وجہ سے اونچی عمارتوں سے کرسیاں فضاؤں میں کاغذوں کی مانند اڑنے لگیں۔ خوفناک طوفان سے سے خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ خاص طور پر اندرون شہر کے بلند علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میونسپلٹی نے طوفان سے خبردار کیا تھا ۔ انقرہ کے گورنر نے بھی شہریوں کو تنبیہ کی تھی۔
نگرانی کرنے والے کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے ویڈیو کلپس میں کرسیاں اور کچرے کے چھوٹے کنٹینرز کو ہوا میں اڑتے ہوئے دکھایا گیا۔ شہر میں گزشتہ تین روز سے آندھی اور طوفان چل رہے ہیں۔ کرسیوں اور کچرے دانوں کے ہواؤں میں اڑنے کے کلپس سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔
بعد ازااں کرسیاں اور کچرے کے چھوٹے کنٹینر خالی گلیوں میں گر گئے تاہم مکین زخمی ہونے سے بچ گئے۔ انقرہ کے گورنر نے مکینوں کو خبردار کیا کہ وہ احتیاط برتیں کیونکہ یہ طوفان ابھی تک جاری ہے۔
حکومت کے حامی اخبار ‘‘ینی شفق’’ کے مطابق ایک اور ویڈیو کلپ میں دارالحکومت انقرہ کے ضلع گولباسی میں ایک کرسی کو ایک عمارت سے دوسری عمارت میں اڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس سے عمارت کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

انقرہ شہر کو لپیٹ میں لینے والی آندھی نے بڑے پیمانے پر مادی نقصان پہنچایا۔ کئی درخت گرگئے اور شہر کے اندر واقع ایک مسجد کا مینار منہدم ہوگیا بعض علاقوں میں لوہے اور لکڑی کی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔ بس ڈرائیوروں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی میڈیا کے مطابق مینار کے گرنے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ موسمیاتی اتھارٹی کے مطابق انقرہ میں طوفان اور شدید بارش اس ہفتے کے کئی دنوں تک جاری رہیں گے۔