لاہور (اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور ان کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، میری دعائیں حملے میں زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکنان کے ساتھ ہیں۔
صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلیفون پر گفتگو میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اور باقی قیادت کو محفوظ رکھا، دعا ہے کہ اللہ زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
خیریت دریافت کرنے پر سراج الحق نے چودھری پرویزالہٰی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چودھری پرویزالہٰی کی سیاست میں بڑی عزت اور مقام ہے، آپ نے ہمیشہ جماعت کا بڑا خیال رکھا۔