کیئو؍ واشنگٹن ڈی سی(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے نیم فوجی دستے ویگنر گروپ نے یوکرینی شہر باخموت پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔سربراہ ویگنر گروپ یوگینی پروگزن نے کہا کہ آج 20 مئی کو باخموت شہر پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باخموت کا کنٹرول جلد روسی افواج کے حوالے کر دیں گے۔خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین نے روس کے ویگنر گروپ کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ادھرامریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مغربی اتحادیوں کو یوکرین کو جدید ترین لڑاکا طیاروں کی فراہمی کی اجازت دے گا، جس میں امریکی ساختہ ایف 16 طیارے شامل ہیں۔ اس سے کیئو کو بڑی حد تک تقویت ملے گی۔قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے جمعے کو جاپان میں جی سیون سربراہی اجلاس میں اس فیصلے سے متعلق ہم منصبوں کو آگاہ کیا ہے۔جیک سلیوان نے کہا کہ امریکی فوجی کیئو کے پائلٹوں کو جیٹ طیارے استعمال کرنے کی تربیت بھی دیں گے۔امریکہ کو قانونی طور پر اتحادیوں کی طرف سے خریدے گئے آلات کی دوبارہ برآمد کی منظوری دینا ہوگی اور اس اقدام سے دیگر ممالک کے لیے اپنے ایف 16 طیاروں کا موجودہ ذخیرہ یوکرین بھیجنے کا راستہ صاف ہو جائے گا۔