ابو ظہبی (امت نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں کینسر کے مریضوں کے اعضا کی پیوند کاری بارے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں 1500 طبی ماہرین نے شرکت کی۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کینسر کے مریضوں کے اعضا کی پیوند کاری کے حوالے سے خطے کی پہلی طبی تقریب کی میزبانی کی گئی.
یواے ای کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک، ایمریٹس آنکولوجی سوسائٹی (ای او ایس) اور ہیوسٹن میتھوڈسٹ گلوبل ہیلتھ سروسز کے تعاون سے ابوظہبی میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی میزبانی کی۔ ۔کانفرنس میں آنکولوجی، کینسر اور اعضا کی پیوند کاری کے شعبوں کے ماہرین کو متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر سے امارات کے دارالحکومت میں آنے کی دعوت دی گئی ہے۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شیخ نہیان نے کہا کہ اپنی نوعیت کی یہ منفرد طبی کانفرنس مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے، اس کا مقصد کینسر کی روک تھام، معائنے، تشخیص اور علاج میں سرکردہ علاقائی اور بین الاقوامی ماہرین کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ اس مرض کے کامیاب علاج کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کی جا سکے اور ایسے اقدامات کئے جا سکیں جو صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنائیں۔
کانفرنس میں امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے شرکا نے طبی تجربات اور جدید ترین طریقہ علاج کی ایجادات بارے وضاحت کی۔