ہمارے نمائندوں کو حلف لینے سے روکا جارہاہے،حلیم عادل شیخ

کراچی(امت نیوز) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما حلیم عادل شیخ نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں ہمارے نمائندوں کو حلف برداری کرنے نہیں دی جارہی ہے، چنیسر گوٹھ میں ہمارے چیئرمین کو گرفتار کیا گیا، سائوتھ میں حلف برداری کے بعد گرفتار کیا گیا، اس وقت جو مظالم ہورہے ہیں اس کی کوئی تاریخ نہیں ملتی،

انہوں نے کہا کہ  ملک میں آئین اور جمہوریت ختم ہوچکی ہے، ہم نے قانون کی بالاستی اور رولز آف لاء کے قیام کے خاطر قومی اسمبلی اور دو حکومتیں چھوڑ دیں۔ اب یہ میئر اور ڈپٹی میئر ٹاؤن چیئرمین کی ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں ، اس وقت ملک میں حقیقی آزادی لئے بغیر ان چیزوں کی اہمیت نہیں، الیکشن ہوا ہے تو منتخب نمائندے کا حق ہے اسے حلف لینا ہے، ہمارے نمائندوں کو حلف لینے سے روکا جارہا ہے،

حلیم عادل شیخ کا کہناتھاکہ فردوس شمیم نقوی بیمار اور بزرگ ہیں ان سےبھی حلف نہیں لیا گیا، پر امن احتجاج کرنے کا حق ہمیں آئین نے دیا ہے، جن لوگوں نے جلائو گھیراؤ کیا ہے اس پر کمیشن بننا چاہئے، سندھ میں کیسز بنا کر سیاسی کارکنوں کر جیلوں میں بھیجا جارہا ہے، ہمارے لیڈر جو کھڑے ہیں ان کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی ہمت جواب دے گئی ان کے لئے دعاگو ہوں، گرفتاریوں اورسزاؤں سے ایسی تحریکیں نہیں رکتیں، اگر اتنا آسان ہوتا تو کشمیر میں تحریک ختم ہوچکی ہوتی، فلسطین میں اسرائیل ظلم کر رہا ہے، تحریک ختم نہیں ہوئی، ظلم ، جبر ، ڈنڈوں سے فلسطینی بھی نہیں جھکے  ، جن تحریکوں کو آئین نے حق دیا ہے ان کو ڈنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ہے،

انہوں نے کہا کہ جس نے 9 مئی کے دن دہشت گردی کی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے چیئرمین بھی مذمت کر چکے ہیں، 28 سالوں میں عمران خان نے کبھی جلاؤ گھیراؤکی بات نہیں کی ، سندھ کے ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں ہمت کریں اندھیری رات ختم ہوگی، جب رات ڈھلتی ہے تو سورج بھی نکلتا ہے، یہ آزمائش ہے سب ساتھ ہیں جہاں کھڑے تھے وہیں کھڑے ہیں۔