نیو دہلی (امت نیوز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) آئندہ ایشیا کپ کے لیے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کی حمایت نہیں کرے گا، حالانکہ بورڈ ممبران کے تین ارکان کے عہدیداروں کے درمیان ہونے والی میٹنگ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا تھا کہ 2023ء کے ایشیا کپ کی میزبانی کے بارے میں حتمی فیصلہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فائنل کے موقع پر لیا جائے گا، جس میں ایشیائی کرکٹ کونسل کے اعلیٰ ترین شخصیات کی شرکت متوقع تھی۔
اجلاس میں افغانستان اور سری لنکا کے بورڈز کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظم الحسن بعض ذاتی وابستگیوں کی وجہ سے شریک نہ ہو سکے، یہ اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی بورڈ نے تمام کرکٹنگ ممالک کے سربراہان کو احمد آباد میں چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان آئی پی ایل فائنل دیکھنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوئی فیصلہ نہ ہونے کے باوجود بھارتی بورڈ دوبارہ غیر جانبدار مقام پر بحث کرے گا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی مزید بات چیت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔