اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے مشترکہ وفد نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی نمائندگی اس کے منیجنگ ڈائریکٹر /چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ حسین اور چیف فنانشل آفیسر احمد علی نے کی جبکہ میوچل فنڈز کی نمائندگی میر عادل اورعارف قادری نے کی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ،چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں میوچل فنڈز ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے شریعت سے مطابقت رکھنے والے میوچل فنڈزکی گروتھ پر روشنی ڈالی اور تجویز پیش کی کہ شریعت سے مطابقت رکھنے والا شارٹ ٹرم سکوک متعارف کرایا جائے۔انہوں نے آئندہ بجٹ میں میوچل فنڈز کے فروغ کے لئے چند اقدامات بھی تجویز کئے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نمائندوں نے گذشتہ چھ برس کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہونے والی کمی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسٹاک مارکیٹ ایک ڈاکومنٹڈ سگمنٹ ہے اور قومی خزانہ میں اس کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے لوگوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے کچھ تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیر خزانہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں کمی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہت بہتر تھی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس رجحان کو تبدیل کرکے ایک بار پھر اس خطے کی بہترین کارکردگی والی اسٹاک مارکیٹ میں شامل ہوگی۔