برمنگھم ( اُمت نیوز) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے حیران کن طور پر پہلے ہی روز اپنی پہلی اننگ ڈکلیئر کر دی۔
ایشز سیریز کے 78 ویں سیزن کا آغاز گزشتہ روز برمنگھم ٹیسٹ سے ہوا جس میں میزبان انگلینڈ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میچ کے پہلے ہی روز اپنی پہلی اننگ 8 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور ناقابل شکست 118 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جونی بیئرسٹو نے 78، زک کراولی نے 61، ہیری بروکس نے 32، اولی پاپ نے 31 اور معین علی نے 18 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دیگر آسٹریلوی باؤلرز میں جوش ہیزل ووڈ نے 2 ، سکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے 1 ، 1 شکار کیا۔
دوسری جانب پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر 8 اور عثمان خواجہ 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔