کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میئر اور سلمان عبداللّٰہ نے ڈپٹی میئر کراچی کا حلف اٹھا لیا، الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے میئر کراچی اور سلمان مراد نے ڈپٹی میئر کے عہدے کا حلف اٹھا آیا۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے مرتضیٰ وہاب اور سلمان مراد سے لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم بلاول کے نعرے بھی لگائے گئے۔
میئر کراچی کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کی خدمت کریں گے، کراچی اب ترقی کرے گا، ہم کراچی کے ساتھ وفا کریں گے، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بے نظیر بھٹو کے مشن کو بلاتفریق پورا کریں گے، رہنماؤں اور کارکنان کا شکر گزار ہوں جنہوں نےعزت دی، پیپلزپارٹی کا ایک ایک کارکن شہر کی خدمت کرے گا، کراچی کے اندر حقیقی مثبت تبدیلی لے کر آئیں گے۔
واضح رہے کہ میئر کراچی کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں مرتضیٰ وہاب نے 173 اور حافظ نعیم نے160 ووٹ حاصل کیے تھے۔