لاہور(امت نیوز) نجم سیٹھی پی سی بی چیئرمین بننے کی دوڑ سے باہر ہو گئے، چودھری ذکا اشرف کے لئے چیئرمین بننے کی راہ ہموار ہو گئی، بورڈ کے پیٹرن وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بورڈ آف گورنرز کے لئے چودھری ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو نامزد کر دیا ۔
دوسری جانب نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت پوری ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے لئے ممبران کی منظوری دے دی۔شہباز شریف نے وفاقی وزیر احسان مزاری کے نامزد کردہ ذکاء اشرف اورمصطفیٰ رمدے کا نام پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے لیے تجویز کیا ہے۔وزیر اعظم نے سمری منظوری کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دی۔
شہباز شریف کے دو ناموں کے ساتھ بورڈ آف گورنرز کی تعداد 10 ہو گئی۔اب ان دس ارکان میں سے کوئی بھی الیکشن لڑ سکے گا تاہم وزارت کی جانب سے چودھری ذکا اشرف کی واضع سپورت کے بعد وہی چیئرمین بننے کے لئے فیورٹ ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ نے اپنے آ خری روزاجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے دیگر آٹھ ارکان کےناموں کی منظوری دے دی ہے۔ ان میں ڈپارٹمنٹ چار اور ایسوسی ایشن کے چار ممبران شامل ہوں گے۔
اداروں کی نمائندگی کے لئے واپڈا کے آر ایل، سوئی ناردرن گیس اور سوئی سدرن گیس کے نمائندے شاملہوں گے جبکہ ریجنز میں سے راولپنڈی، لاہور، کراچی اور پشاور ریجن کے صور کے نام منظور کئے گئے ہیں۔