آسٹریلیا کا ایشز سیریز میں فاتحانہ آغاز

 

برمنگھم (اُمت نیوز ) ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف 2 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے آخری روز 281 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر 55 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ سے اپنی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری دلا دی۔

یہ بھی پڑھیں:۔پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا
میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے 107 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا لیکن پانچویں روز کا پہلا سیشن بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔
کھیل دوبارہ شروع ہوا تو عثمان خواجہ نے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، بولینڈ 20، ٹریوس ہیڈ 16، کیمرون گرین 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔عثمان خواجہ 65 اور ایلکس کیری 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نیتھن لیون کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، کمنز نے 44 جبکہ لیون نے 16 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے سٹورٹ براڈ نے 3، اولی روبنسن نے 2 جبکہ معین علی، جو روٹ اور سٹوکس نے ایک، ایک شکار کیا۔
فاتح ٹیم کے کھلاڑی عثمان خواجہ بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
خیال رہے کہ اس فتح کے بعد آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔