خواتین سے متعلق یو این کی رپورٹ طالبان حکومت نے مسترد کردی

کابل ( اُمت نیوز) طالبان حکومت نے خواتین کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کو مسترد کردیا۔
خواتین کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کے رد عمل میں افغانستان کی امارات اسلامیہ نے کہا ہے کہ مغربی ممالک نے موجودہ افغان حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کی وسیع کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔
امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ خواتین کے بارے میں احکامات شریعت کے مطابق ہیں اور امارات اسلامیہ کے احکام کی دنیا بھر میں مخالفت ان کے اسلام کے ساتھ مسائل کی وجہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔امریکی صدر بائیڈن کے بیٹے کا ٹیکس چوری کا اعتراف

ذبیع اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ یو این کی پوری رپورٹ افغانستان مخالف پروپیگنڈہ ہے، یہاں پر نافذ تمام قوانین اسلامی اور شریعت پر مبنی ہیں۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندہ برائے افغان انسانی حقوق رچرڈ بینیٹ نے افغانستان میں خواتین کے حوالے سے موجودہ افغان حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف سنگین، منظم اور ادارہ جاتی امتیازی سلوک طالبان کے نظریے اور حکمرانی کا مرکز ہے، جو ان خدشات کو بھی جنم دیتا ہے وہ صنفی امتیاز کے لیے ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔