گورنر سندھ کا شہید یا قتل ہونیوالے گھرانوں کو عید پربکرے دینے کا اعلان

کراچی (امت نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں کسی بھی قسم کے حادثے میں شہید یا قتل ہونے والے افراد کے گھر والوں کی داد رسی کے لیے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بکرے تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کی جانب سے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ہر قوم اور ہر زبان کا بولنے والا رہتا ہے اور ایسے بہت سے خاندان ہوں گے جن کے والدین یا والد کسی حادثے میں شہید ہو گئے یا گولی مار دی گئی، تو ان کے گھر عید پر بکرے کون لائے گا۔

ان کا کہنا تھا جن لوگوں کے والد یا والدین اس دنیا سے چلے گئے ہم ان کی کمی تو پوری نہیں کر سکتے لیکن کسی حد تک عید کی خوشیاں منانے میں ان کا ساتھ تو دے سکتے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا موجودہ معاشی صورتحال میں متوسط طبقے کی بھی کمر ٹوٹ چکی ہے لہذا ہم غریب خاندانوں کے ساتھ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور 20 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کریں گے۔