لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق وفاقی حکومت نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی دور کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت نے نجم سیٹھی کے دور کا آڈٹ کرانے کیلیے آڈیٹر جنرل پاکستان کو خط لکھ دیا گیا ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کا بھی فوری آڈٹ شروع کریں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ نجم سیٹھی دور میں ہونے والے اخراجات کا بھی مکمل آڈٹ ہونا چاہیے۔
خط کے متن میں نجم سیٹھی دور کی مدت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 22 دسمبر 2022 سے 20 جون 2023 تک کا آڈٹ کیا جائے۔ آڈٹ حکام نجم سیٹھی کے ساتھ ساتھ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں موجود ارکان کو ملنے والی مراعات کا بھی جاٸزہ لیں۔