لاہور (امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ سب سے زیادہ دنیا میں دیکھا جاتا ہے،مسئلہ بھارت کو ہے ہمیں تو کہیں بھی کھیلنے میں مسئلہ نہیں۔ایک انٹرویومیں عبدالرزاق نے کہا کہ کرکٹ جہاں بھی ہو ہم پاکستانی کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہوتی ہے کہ فینز کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔
عبدالرزاق نے کہا کہ ہم کرکٹ کی ترقی کے لیے ہر جگہ کھیلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں، یہ کھیل اب ایک تفریح بن چکا ہے، پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے۔قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ صرف بھارت کی طرف سے پابندیاں لگائی جاتی ہیں، پاکستان کو مسئلہ نہیں ہوتا، ہم تو چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان میں پاک بھارت میچز ہوتے تو کرکٹ کو فائدہ ہوتا۔