لندن(امت نیوز)انگلینڈ نے تیسرے ایشز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں شاندار واپسی کی ہے۔ انگلش ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار اداکرنے پر فاسٹ بالر مارک ووڈ کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ایشز کا تیسرا ٹیسٹ 3 وکٹوں سے دیکر سیریز میں شاندار واپسی کی ہے۔ انگلش ٹیم کو کینگروز کیخلاف سیریز کے 2 اولین ٹیسٹ میچز میں شکست ہوئی تھی۔ لیڈز کے مقام پر کھیلے گئے اس میچ میں کینگروز نے 224 رنز بنانے کے بعد میزبان انگلینڈ کو فتح کیلئے 251 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں انگلینڈ نے ہیری بروک کی75 رنز اور کرس ووکس کی 32 رنز پر مشتمل بلے بازی کی بدولت ہدف 3 وکٹوں قبل حاصل کرلیا۔ بروک 75 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ووکس ناقابل شکست رہے، مارک ووڈ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زیک کراؤلی44، بین ڈکٹ23 اور جو روٹ21 رنز بناسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دوسری اننگ میں5وکٹیں حاصل کیں تاہم ان کی شاندار بالنگ بھی ٹیم کو فتح نہ دلواسکی۔ واضح رہےکہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں 263 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کو 237 رنز تک محدود کرتے ہوئے 36 رنز کی برتری حاصل کی تھی تاہم دوسری اننگ میں کینگروز 224 پر پولین لوٹ گئے تھے۔ مارک ووڈ کو میچ میں 40 رنز بنانے اور 60 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔