کراچی (اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان کے پاس بہترین ٹیم ہے، کوئی وجہ نہیں کہ قومی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں میری ٹاپ فور ٹیمیں پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا ہیں، مجھے لگتا ہے کہ قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت نہیں، ہماری بولنگ، بیٹنگ اور اسپن ڈیپارٹمنٹ اچھا کرنے کی کوشش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ پریمیئر لیگ کی فرنچائز بےنظیرآباد کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے کسی بھی چیئرمین کو کم از کم دو سال کا عہدہ دیا جانا چاہیئے۔ پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے ارکان کو کرکٹ کے بارے میں علم ہونا چاہیئے اور انہیں میرٹ پر شامل کیا جانا چاہیئے۔
بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں دباؤ کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں دباؤ کے حالات میں کھیلنے کا مزہ آتا ہے۔
شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ کیلئے سب سے بہترین کپتان کے سوال پر کہا کہ تمام ٹیموں کے کپتانوں میں تقریباً ایک جیسے اسکلز ہوتے ہیں لیکن میں بابراعظم کو بیک کروں گا۔
سابق آل راؤنڈ نے رمیز راجا کو کمنٹری میں کم بیک کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انکے مداح انہیں کمنٹری کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم نے 2011ء کے ورلڈ کپ میں بھارت کا دورہ کیا تھا تاہم سیمی فائنل میں روایتی حریف کیخلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔