ارشد خان نے یہ کیفے لندن 229 الفورڈ لین میں کھولا ہے، فائل فوٹو
ارشد خان نے یہ کیفے لندن 229 الفورڈ لین میں کھولا ہے، فائل فوٹو

ارشد چائے والا چائے بیچنے لندن پہنچ گیا

لندن: سوشل میڈیا کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے والے پاکستان کے سب سے مشہور چائے والا ارشد خان نے لندن میں اپنا کیفے کھول لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ‘چائے والا’ کے نام سے مشہور ارشد خان نے لندن میں بھی اپنے قدم جما لیے۔ ارشد خان نے یہ کیفے لندن 229 الفورڈ لین میں کھولا ہے جہاں پاکستانیوں سمیت بھارت اور بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔

 بل بورڈ پربرانڈ کا نام ’کیفے چائے والا ارشد خان‘ لکھا ہے۔

اس حوالے سے ارشد خان نے بتایا کہ ہماری چائے کی پہلی دکان اِلفورڈ لین پر کھل چکی ہے جہاں سے ردِعمل ابھی سے بڑا مل رہا ہے۔ میرا لندن جانے کا ارادہ بن رہا ہے اور میں وہاں جا کر اپنے مداحوں کیلئے چائے بنانا بہت پسند کروں گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں موجود ‘چائے والا’ برانڈ تین سرمایہ کار بھائیوں بہادر درانی، نادر درانی اور اکبر درانی نے لانچ کیا ہے۔ تینوں بھائی اب اس کیفے کے فرنچائز برطانیہ، یورپ، شمالی امریکا، ایشیا، آسٹریلیا اور مشرق وسطیٰ میں کھولنے کے خواہش مند ہیں۔

لندن میں کھولنے جانے والے اس کیفے میں جنوبی ایشیا کی روایت اور تقافت ظاہر کرنے والی چیزیں موجود ہیں۔ ان میں ٹرک آرٹ سے لے کر ہاتھ سے سجایا گیا ویسپا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ ارشد خان کو 2016 میں سوشل میڈیا سے ایک تصویر کے ذریعے مقبولیت ملی تھی۔ اس وقت ارشد خان اسلام آباد میں ایک سڑک کے کنارے چائے فروخت کرتا تھا۔

اکتوبر 2016 میں فوٹوگرافر جویریہ علی نے ایک گاہک کو چائے پیش کرتے ہوئے ایک تصویر کھینچ کر انسٹاگرام پر ایک کپشن کے ساتھ پوسٹ کی تھی۔

اس تصویرسے ارشد کو راتوں رات شہرت ملی اور انہیں مختلف فیشن برانڈز نے اپنے فوٹو شوٹ کیلیے بھی منتخب کیا تھا۔